وقار احمد صاحب کی خود کشیوں کے حوالے سے بنائی ہوئی ڈاکومنٹری دیکھی. وقار احمد نے اس حوالے سے اپنا فرض نبھا یا ہے. خود کشی کے حوالے سے کچھ باتیں میرے ذہن میں آرہی ہیں.
خود کشیوں کی کوئی ایک وجہ نہیں ہے. بلکہ مختلف وجوہات کی بنا پر ایسے واقعات رونما ہورہے ہیں. ہر خود کشی کی الگ وجہ یا وجوہات ہوسکتی ہے.
(١) معاشرے میں بڑھتے ہوئے تعلیمی مقابلے کا رجحان.. اس زمن میں سکول سے لیکر یونیورسٹی تک مقابلہ اور پھر اس مقابلے میں ٹاپ نہ کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ایک اہم وجہ ہے . بچوں کو پوزیشن کی بجائے سمجھ کر پڑھنے کو اہمیت دی جانی چاہیے.
(٢) معاشی حالات اور مقابلہ..دوسری وجہ معاشرے میں کچھ لوگوں کا راتوں رات امیر بن جانا اورجائداد کی غیر ضروری نمودونمائش اور اسکی وجہ سے محنت مزدوری کرنے والے افراد کے بچوں کا احساس کمتری میں مبتلا ہونا بھی ہے.
(٣) مذہبی تعلیمات، عبادات اور روحانیت سے دوری بھی ایک اہم وجہ ہے. عبادت اور دعا بندگی انسان کو روحانی اور ذہنی سکون کا سامان مہیا کرتے ہیں جب کہ بہت سے نوجوانوں کی مذہبی تعلیمات اورسرگرمیوں سے دوری کی وجہ سے ان میں برداشت، صبر، حوصلہ اور امید کی کمی پائی جاتی ہے
(٤) محبت میں ناکامی: سوشل میڈیا کی وجہ سے اب کسی سے کنٹیکٹ کرنا کوئی مشکل کام نہیں رہا ہے ، لیکن بہت سے نو جوان محبت میں دھوکہ کھانے یا پھر پسند کی شادی نہ ہونے کی وجہ سے دلبرداشتہ ہوجاتے ہیں اور انتہائی اقدام اٹھاتے ہیں. بعض اوقات جب ایسے واقعات منظر عام پہ آجاتے ہیں تو نوجوان لڑکیاں گھر والوں کے خوف سے، اور معاشرے میں بدنامی کے خوف سے انتہائی اقدام اٹھانے پہ مجبورہو جاتی ہیں
(٥) خود کشی کے نام پر قتل:علاقے کے قبائلی رواج کی وجہ سے بعض اوقات غیرت کے نام پر قتل ہونے والے واقعات کو خود کشی کا نام دیا جاتا ہے
(٦) سوشل میڈیا کا غلط استعمال: دیہاتی ماحول میں سمجھ بوجھ کے بغیر انٹرنیٹ کا غلط استمعال بچوں کے اندر ایسے خواھشات کو جنم دے رہا ہے جو در حقیقت انکے پہنچ میں نہیں اور ایسی خواہشات اصل مقصد سے دوری کے علاوہ بےراہ روی کا باعث بھی بن جاتے ہیں.
(٧) رہنمائی اور تربیت کی کمی : اس زمن میں والدین کو چاہئے کی وہ اپنے بچوں کو غیر ضروری مقابلے میں ڈالنے کی بجائے بچے کی صلاحیت اور شوق کے مطابق اگے بڑھنے کی حوصلہ افزائی کرے. کم نمبر لینے یا ناکام ہونے کی صورت میں بھی بچے کو حوصلہ دیدے، نہ کہ انکی حوصلہ شکنی کرے.
(٨) اداروں کی مایوس کن کار کردگی: ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کی ذمداری مطلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے جو کہ وہ مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں. کیریئر کے حوالے سے آگاہی کے پروگرام، والدین کی رہنمائی اور ایسے واقعات کے سدباب کے لئے مطلقہ اداروں کو فعال کارکردگی دکھانے کی اشد ضرورت ہے.
(٩) حکومت وقت اور سماجی بہبود کے لئے کام کرنے والے اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے. اس زمن میں سب سے پہلے کوالیفائیڈ کثیر الشعبہ جاتی محققین کی ایک ٹیم تشکیل دی جانی چاہیے جو مجموعی طور پر ایک وسیع تحقیق کے ذریئے خود کشی کے بنیادی وجوہات اور اسباب کی تہ تک پہنچے اور سدباب کے لئے سفارشات مرتب کرے.
(١٠) اس مسئلے کو ہنگامی بنیادوں پر سر انجام دینے کی ضرورت ہے ورنہ ایسے مسائل کے شکار بہت سے نوجوان اپنی زندگیوں کا یونہی چراغ گل کرتے رہینگے اور باقی سب انگشت بہ دنداں.
ارشد علی شیدائی
No comments:
Post a Comment